پاکستان کے باشعور عوام کسی صورت کرپشن، منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس والی جماعت کا ساتھ نہیں دیں گے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

67

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے باشعور عوام کسی صورت کرپشن، منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس والی جماعت کا ساتھ نہیں دیں گے، بلاول صاحب ، ماضی میں جس طرح کرپشن کے ریکارڈ قائم کرکے پاکستان کا نام روشن کیا تھا ،اب دوبارہ ویسے ہی ملک کا نام روشن کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ پی ٹی آئی وہ پہلی حکومت ہے جس نے عمران خان کی قیادت میں حقیقی معنوں میں لنگر خانوں کی صورت میں کھانا، کم آمدن سکیم کے ذریعے بے گھروں کو چھت فراہم کررہی ہے، بلاول صاحب، سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت ہی انسداد تجاوزات آپریشن کررہی ہے،

باہر سے آکر کسی نے آپریشن نہیں کیا۔اتوار کو بلاول زرداری کے بیان پر اپنے ردعمل میں وزیرمملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کرپشن کے ساتھ ساتھ نوکریاں فروخت کیں، ہم میرٹ پر نوکریاں دے رہے ہیں،بلاول صاحب، وفاق پر تنقید برائے تنقید کی بجائے سندھ کی ترقی پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام میں لاکھوں جعلی نام نکال کر اہل لوگوں کو شامل کی گیا ہے،

احساس پروگرام کی چھتری تلے 34 سماجی تحفظ کے پروگرام چل رہے ہیں اور بجٹ بڑھا کر 260 ارب کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جانتی ہے کہ پیپلز پارٹی کرپشن میں چیمپئن ہے اور ن لیگ کا منی لانڈرنگ میں کوئی ثانی نہیں ہے ، این آر او لینے والے مقابلہ نہیں ہمیشہ ڈیل کرتے ہیں، ماضی گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی کرپشن نے ملکی معیشت کو دیمک کی طرح چاٹا۔