پاکستان کے بین الاقوامی پوسٹل کنونشن سے الحاق سے اب سمندر پار پاکستانیوں کے کاغذات کی تصدیق میں آسانی پیدا ہوگی، سلمان صوفی

107

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):سٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے سدباب پر خصوصی توجہ کے ویژن اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں کے نتیجے میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے، پاکستان کے بین الاقوامی پوسٹل کنونشن سے الحاق سے سمندر پار پاکستانیوں کے کاغذات کی تصدیق میں آسانی پیدا ہوگی۔

جمعرات کو وزاعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق سلمان صوفی نے کہا کہ پاکستان کے بین الاقوامی پوسٹل کنونشن سے الحاق کی منظوری پر سمندر پار پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ الحاق سے سمندر پار پاکستانیوں کے کاغذات کی تصدیق میں آسانی پیدا ہو جائے گی، اس سے پہلے سمندر پار پاکستانیوں کو اپنی دستاویزات کی تصدیق کیلئے مختلف دفاتر کے چکر اور بھاری فیس ادا کرنا پڑتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں دفتر خارجہ کے منتخب کردہ نوٹریز سے دستایزات کی تصدیق کے بعد 122 ممالک میں یہ تصدیق قابل قبول ہوگی۔