اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔ اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کے سخت ردعمل سے بھارت مین مایوسی ہے اور ان کا متکبرانہ انداز عاجز ی میں بدل چکا ہے جو دھول چاٹنے کے سوا کچھ نہیں۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان کے سخت ردعمل کی روشنی میں بھارت کے پالیسی ساز اپنی پالیسیوں کا از سر نو جائزہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
ممکنہ مذاکرات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدہ ، مسئلہ کشمیر اور دہشت گردی کے تین اہم خدشات کو ترجیح دے گا جنہیں حل کرنے اور خطے میں امن کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے،یہ مسائل پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ تنازعات رہے ہیں اور انہیں حل کرنے کے لیے اہم سفارتی کوششوں کی ضرورت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ان معاملات پر پاکستان کا موقف واضح ہے اور کسی بھی بامعنی بات چیت میں ان بنیادی خدشات کو دور کرنے کی ضرورت ہوگی۔
ایک اور سوال پر خواجہ آصف نے ریمارکس دیے کہ بھارت کا غرور خاک میں مل گیا۔ انہوں نے پاکستان کی تحمل کو کمزوری کے طور پر غلط سمجھا لیکن ہماری مسلح افواج نے فیصلہ کن جواب دیا۔خواجہ محمد آصف نے پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر افواج کی صلاحیتیں عالمی سطح پر تسلیم شدہ اور قابل تعریف ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595688