اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):افغانستان کے بارے میں پاکستان کے خصوصی نمائندے سفیر آصف علی خان درانی نے دوحہ میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام افغانستان کے بارے میں خصوصی ایلچیوں کے دوحہ تھری اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان کے خصوصی نمائندے نے اجلاس میں افغانستان کی موجودہ صورتحال پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کیا۔
انہوں نے افغانستان کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور افغانستان کی پناہ گاہوں سے ٹی ٹی پی کی دہشت گردانہ سرگرمیوں سے لاحق خطرے کو اجاگر کیا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور افغان عبوری حکومت کے درمیان یکم جولائی 2024 کو دو طرفہ اجلاس ہوئے جن میں فریقین نے امن اور سلامتی سمیت باہمی تشویش کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے علاقائی استحکام اور پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کو مضبوط بنانے کے لیے کوششوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ سفیر آصف علی خان درانی نے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں اور افغانستان میں دہشت گرد گروپوں کے سپورٹ نیٹ ورکس کے بارے میں پاکستان کے خدشات کو بھی اجاگر کیا۔
ترجمان نے کہا کہ اس موقع پر پاکستانی نمائندے نے امریکا، چین، قطر، روس، ازبکستان، یورپی یونین، برطانیہ، ناروے اور ہالینڈ کے وفود کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقات کی۔ پاکستانی وفد نے پاکستان، افغانستان، ازبکستان اور قطر کے درمیان چار فریقی اجلاس میں بھی شرکت کی۔
ترجمان نے کہا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی اور تعاون کے شعبوں پر تبادلہ خیال اور افغانستان کے راستے پاکستان کو ازبکستان سے ملانے والے ریلوے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=481710