ملتان۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):انگلینڈ اوپنر بلے باز بین ڈکٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پلان کے مطابق کرکٹ کھیل رہے ہیں، ملتان کی پچ پر زیادہ سے زیادہ سکور بنانے کی کوشش کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اور انگلینڈ کے مابین جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل مکمل ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔بین ڈکٹ نے کہا کہ جوو روٹ پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کر رہے ہیں،جو روٹ آج بھی ایسے ہی محنت کرتے ہیں جیسے پہلے کرتے تھے، ان کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا انگوٹھا ڈس لوکیٹ ہوا جو بہت تکلیف دہ تھا،پاکستان مضبوط ٹیم ہے،پاکستان کے خلاف زیادہ سے زیادہ سکور بنانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ دوسرے روز ہم نے صرف ایک وکٹ کھوئی،دوسرے روز اگر ہمارے تین چار کھلاڑی آوٹ ہو جاتے تو ہمیں پلان تبدیل کرنا پڑتا۔
علاوہ ازیں پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلسپی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے باؤلرز نے وقفے وقفے سے اچھی باؤلنگ کی،انگلینڈ بیٹسمینوں کو داد دینی چاہیے جس طرح انہوں نے شاندار بیٹنگ کی۔انگلش کھلاڑی جوو روٹ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں جیسن گلسپی نے کہا کہ روٹ کو یوکرشائر کی کوچنگ کے دوران دیکھا تھا ان کا شمار دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا پلان تھا کہ سیدھی باؤلنگ کی جائے،پچ بیٹنگ کیلیے سازگار ہے، لیکن اگر اچھی جگہ پر باؤلنگ کی جائے تو رزلٹ بھی اچھے مل سکتے ہیں،چوتھے روز جلدی وکٹیں لینے کی کوشش کریں۔