پاکستان کے خلاف ہونے والے سازشوں کو ناکام بنائیں گے،موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچا لیا ہے، وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع

231
پاکستان کے خلاف ہونے والے سازشوں کو ناکام بنائیں گے،موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچا لیا ہے، وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع

اسلام آباد ۔4ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس و جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ہونے والے سازشوں کو ناکام بنائیں گے، عمران خان نے ملک کو اقتصادی طور پر سخت نقصان پہنچایا جبکہ موجودہ حکومت نےڈیفالٹ سے بچا لیا ، جمعیت علمائے اسلام ایک سیاسی و مذہبی جماعت اور عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے ، سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ریاست کے خلاف گھنائونی سازش کرنے والوں کو کوئی حق نہیں کہ وہ ریاست کی نمائندگی کریں ، سازشی ٹولے کو مزید برداشت نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد کرے گی، وفاقی حکومت اس بارے بہت سنجیدہ ہے، صوبے بھر میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے زراعت اور لائیو سٹاک کا شعبہ بہت متاثر ہوا ہے، ان دو شعبوں کو دوبارہ بحال کیا جائے گا کیونکہ بلوچستان کا سارا انحصار زراعت پر ہے ۔

انہوں نے کہا جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں اور عہدیداروں نے سیلاب متاثرین کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے اور دن رات ایک کرکے عوام کی خدمت کی۔قبل ازیں مولانا عبدالواسع نے قلعہ سیف اللہ کے مختلف علاقوں نسئی، رود جوگیزئی، قلعہ سیف اللہ بازار اور سیلاب سے متاثرہ دیگر علاقوں کا دورہ کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان بارشوں سے متاثر ہوا ہے، عالمی برادری کو چاہیے کہ متاثرین کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام کی تکلیف کا احسا س ہے، صوبے میں گیس اور بجلی جلد مکمل طور پر بحال ہوں گی۔