
اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی ذرائع ابلاغ کے وفد نے منگل کو وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے سعودی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں حکومت کی جانب سے اقتصادی استحکام کے حوالے سے اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے اس موقع پر وفد کو بتایا کہ پاکستان میں اس وقت بیرونی سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں اور پاکستان سعودی کمپنیوں کو مختلف شعبہ شعبوں میں جن میں پیٹرو کیمیکلز کان کنی کے شعبے شامل ہیں، سرمایہ کاری کے لئے خوش آمدید کہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دونوں ممالک اپنی نوجوان نسل کو معاشی واقتصادی ترقی کے حوالے سے کردار ادا کرنے کے قابل بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سعودی عرب کی سی پیک منصوبوں میں شرکت کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سعودی ذرائع ابلاغ کے وفد نے وزیر خزانہ اسد عمر کو اپنے دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنی رائے سے آگاہ کیا اور کہا کہ وہ اس بات کی شدید خواہش رکھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون سے ترقی کی نئی منازل طے کریں۔