واشنگٹن ۔24فروری (اے پی پی):امریکا نے کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ ہے ،دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات ماضی کی نسبت زیادہ اہم ہیں۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات ماضی کی نسبت زیادہ اہم ہیں کیونکہ وہ تباہ کن سیلاب کے اثرات سے نکل رہا ہے،پاکستان امریکا کے کاروباری اداروں کو نئی منڈیوں تک رسائی کے لیے سرمایہ کاری کا موقع فراہم کر رہا ہے اور ہماری پاکستان کے ساتھ سرمایہ کاری میں ایک سال میں 50 فیصد اضافہ ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو مزید وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے جن میں توانائی، زرعی آلات، فرنچائزنگ، ریٹیل تجارت اور اطلاعات و رابطہ کاری کی ٹیکنالوجی کے لیے استعمال ہونے والے آلات خصوصی طور پر شامل ہیں۔