اسلام آباد۔2جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی صف اول کی سمارٹ آٹومیشن کمپنی کی جانب سے ملک کے سب سے بڑے سمارٹ آٹومیشن ایکسپیرینس سینٹر کا اسلام آباد میں شاندار افتتاح کر دیا گیا۔ اس سینٹر نے شرکاء کو یہ جاننے کا موقع فراہم کیا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس آف تھنگز پر مبنی سمارٹ مصنوعات عالمی سطح پر کس طرح کام کرتی ہیں اور یہ پاکستانی گھروں اور کاروبار کی ضروریات کو کیسے پورا کرسکتی ہیں۔
مہمانوں نے سمارٹ گھروں کے لیے ٹچ اور وائس کنٹرول کی سہولیات فراہم کرنے والی جدید مصنوعات کا براہ راست تجربہ بھی کیا۔ پاکستان میں سمارٹ ٹیکنالوجیز میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث متحدہ عرب امارات کی کمپنی نے پاکستان میں بھی جدید ترین سمارٹ مصنوعات اورعالمی ٹیکنالوجی کو متعارف کروایا ہے۔
تقریب کے مہمان خصوصی کنور قطب الدین خان نے پاکستان میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور معیار زندگی کو بہتر بنانے میں جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سمارٹ ٹیکنالوجی کی مارکیٹ کا کاروباری حجم آنے والے پانچ برس میں 86.5 ملین ڈالر تک پہنچنے والا ہے۔ ٹیکنالوجی کمپنیاں نہ صرف پاکستان میں اس انقلاب کی قیادت کر سکتی ہیں بلکہ توانائی کی بچت اور ماحولیاتی آلودگی کی کمی میں بھی اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ تقریب میں ٹیکنالوجی ماہرین نے بھی شرکت کی، جنہوں نے پاکستان میں سمارٹ ٹیکنالوجی کے مستقبل کو روشن قرار دیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سمارٹ ان جیسی عالمی کمپنیاں کس طرح عالمی اختراعات کو مقامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے استعمال کر سکتی ہیں اور پاکستانی مارکیٹ میں انکے لیے کیا فوائد موجود ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سمارٹ ان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستانی نژاد دبئی کی معروف کاروباری شخصیت محمد ذیشان شہزاد نے کہا کہ پاکستان میں سمارٹ آٹومیشن صنعت ایک اہم موڑ پر ہے۔
جدید ٹیکنالوجی کے ایسے وسائل اور مصنوعات کی طلب بڑھ رہی ہے جوگھروں کی کارکردگی، سکیورٹی اور کنٹرول کو مضبوط بناتے ہیں۔ سمارٹ ان جیسی کمپنیاں جدید سمارٹ گھروں اور کاروبارکے لئے ایسے حل متعارف کروا رہی ہیں جو پیچیدہ مسائل کو آسانی سے انسٹال اور استعمال ہونے والی مصنوعات کے ذریعے حل کرتی ہیں۔
محمد ذیشان شہزاد نے مزید کہا کہ سمارٹ ان کا مقصد روزمرہ زندگی میں ٹیکنالوجی کو شامل کرنا ہے۔ ایکسپیرئینس سینٹر میں موجود مصنوعات انسٹالیشن کے لیے مکمل تیار ہیں جو معیارِزندگی بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں۔