پاکستان کے سب سے بڑے طلبہ کنونشن کے انعقاد کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی

125
IUCPSS
IUCPSS

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):پانچویں بین الاقوامی طلبہ کنونشن اور ایکسپو 2025 کے انعقاد کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ 23 فروری 2025 ءسے شروع ہونے والے تین روزہ ایونٹ کا انعقاد انٹر یونیورسٹی کنسورشیم فار پروموشن آف سوشل سائنسز پاکستان (آئی یو سی پی ایس ایس ) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد اور دیگر شراکت دار تنظیموں اور اداروں کے اشتراک سے کیا جا رہاہے۔

کنونشن پاکستان اور دنیا بھر کے طلباء، محققین، ماہرین تعلیم،اختراع کاروں اور صنعت کاروں کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ تین روزہ کنونشن کی تقریب تبدیلی کی تحریک، تعاون اور ثقافتی تباد لوں کو فروغ دے گی۔ اس دوران مختلف سرگرمیاں منعقد ہوں گی جن میں طلباء کے مقابلے، ورکشاپس، موسمیاتی تبدیلی پریونائیٹڈ نیشنز ماڈل ، سٹی ٹورز، انڈور سپورٹس، اختراعات ،صنعتی سٹالز، ایجوکیشن ایکسپو اور تفریحی سرگرمیاں شامل ہیں۔5ویں انٹرنیشنل اسٹوڈنٹس کنونشن اور ایکسپو 2025 ءمیں 30 ہزار سے زیادہ طلبہ کی شرکت کی توقع ہے۔ 150 یونیورسٹیوں، اداروں اور صنعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے گا۔