بیجنگ۔27جنوری (اے پی پی):چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے جشن بہاراں کے موقع پر چین کے عوام اور گلوبل ٹائمز کے قارئین کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بہار کے تہوار کے پرمسرت موقع کو منا رہے ہیں، میں چین کے لوگوں اور گلوبل ٹائمز کے قارئین کو اپنی پرتپاک مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ سانپ کا سال جو حکمت، لچک اور تجدید کی علامت ہے ہمیں ایک موقع فراہم کرتا ہے۔گلوبل ٹائمز کے مطابق انہوں نے چین کے موسم بہار کے تہوار کے اپنے پیغام میں کہا کہ ماضی کی کامیابیوں پر غور کرنے اور مشترکہ خوشحالی اور تعاون کے مستقبل کے لیے پر امید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسم بہار کا تہوار صرف ثقافتی ورثے کا جشن نہیں ہے بلکہ چینی قوم کی طاقت اور ہم آہنگی کا بھی ثبوت ہے، گزشتہ دہائیوں کے دوران چین کا شاندار سفر دنیا کے لیے تحریک کا باعث رہا ہے،اس طرح کے لمحات ہمیں اتحاد، ترقی اور امید کی پائیدار اقدار کی یاد دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ جشن خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہم دونوں قوموں کے درمیان مضبعط دوستی کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کی روشن مثال ہیں جو امن اور ترقی کی مشترکہ خواہشات کی بنیاد پر استوار ہیں۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ اس موقع پر، میں اس رشتے کو مضبوط بنانے کے لیے گلوبل ٹائمز کے انمول تعاون کو بھی سراہنا چاہتا ہوں۔ اپنی معروضی اور بصیرت پر مبنی رپورٹنگ کے ذریعے گلوبل ٹائمز نے چین کے وژن کے بارے میں عالمی سمجھ بوجھ کو بڑھانے اور پاکستان کے لیے زیادہ سے زیادہ تعریف کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
سفیرخلیل ہاشمی نے کہا کہ سانپ کا سال جدت، پائیداری اور شمولیت پر نئی توجہ مرکوز کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ پاکستان اور چین سبز ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی اور ثقافتی تبادلے جیسے شعبوں میں اپنے تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہیں۔ یہ مشترکہ اہداف نہ صرف ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ ہمارے وقت کے سب سے اہم چیلنجوں سے نمٹنے میں بھی اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ نئے سال میں قدم رکھتے ہوئے، میں چین کے لوگوں اور دنیا بھر میں بہار کا تہوار منانے والے تمام لوگوں کے لیے امن، خوشحالی اور خوشی کے لیے اپنی دلی خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔