پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کی لکسمبرگ کے گرینڈ ڈیوک سے ملاقات، اسناد سفارت پیش کیں

96

لکسمبرگ۔13اکتوبر (اے پی پی):یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے لکسمبرگ کے گرینڈ ڈیوک سے ملاقات کی اور انہیں اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔ جمعرات کو ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ انہیں گزشتہ روز ہز رائل ہائینس دی گرینڈ ڈیوک کو اپنی اسناد پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

اس موقع پر گرینڈ ڈیوک نے پاکستان میں ہولناک سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ سفیر نے اس موقع پر پاکستان سے اظہار یکجہتی پرگرینڈ ڈیوک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔