پاکستان کے سچائی پر مبنی بیانیہ کو عالمی حمایت حاصل ہے، بھارت بے نقاب ہو رہا ہے ،سینیٹر روبینہ قائم خانی

5

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی )کی سینیٹر روبینہ قائم خانی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بھارت کے ایجنڈے کو بے نقاب کرنے کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ مودی حکومت اپنے منفی پروپیگنڈے کی پشت پناہی کرنے میں ناکام رہی ہے اور پاکستان کے سچائی پر مبنی بیانیے کو بڑھتی ہوئی عالمی حمایت مل رہی ہے جس سے بھارت کے بے بنیاد دعو وں کو بے بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔

اتوار کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو کی نمایاں سفارتی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں سفارتی مندوبین کے کی انتھک محنت بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کرنے اور عالمی تاثرات کو نئی شکل دینے میں اہم رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفارتی وفد کی مربوط کوششوں نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کا کامیابی سے مقابلہ کیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی سچائی اور انصاف کے عزم کو ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے تاریخی دورہ امریکہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کا ایک اہم لمحہ ہے۔

سینیٹر روبینہ قائم خانی نے اس بات پربھی زور دیا کہ یہ دورہ علاقائی امن کے اقدامات کو وسعت دینے کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کا حصہ ہے جو پاکستان کے عالمی سطح پر استحکام اور تعاون کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وقار اور سالمیت سب سے مقدم ہے اور بنیادی اقدار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی عزت اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے ہمیشہ ثابت قدم رہے گا۔ایک سوال کے جواب میں سینیٹر روبینہ قائم خانی نے کہا کہ پاکستان اپنی کوششوں کی وجہ سے عالمی سطح پر پزیرائی حاصل کر رہا ہے جب کہ بین الاقوامی تاثر میں اس تبدیلی سے بھارت واضح طور پر مایوس ہے۔