اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):چئیرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہاہے کہ پاکستان کے عرب دنیا کے اسلامی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں ،عراق اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے، اقدار اور ثقافت میں جڑے ہیں۔
انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں عراق کے وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد محمد حسین سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں باہمی دلچسبی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ عراق کے وزیرخارجہ نے پاکستانی قیادت اور قوم کو یوم پاکستان کے موقع پر مبارکباد پیش کی ۔
چئیرمین سینیٹ نے کہاکہ پاکستان اور عراق بین الاقوامی فورمز پر یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کے موقف کے حامی ہیں، دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے ہر سال عراق جانے والے ہزاروں پاکستانی زائرین کو سہولت فراہم کرنے پر عراقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان کثیر الجہتی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عراق کی حکومت اور عوام نے دہشت گرد ی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانی دی ہے ۔
چئیرمین سینیٹ نے کہاکہ افغانستان کے امن کے اثرات پورے خطے پر پڑتے ہیں۔ ترقی و خوشحالی کے لئے امن انتہائی لازمی ہے۔ پاکستان خطے میں اقتصادی و معاشی خوشحالی کے لئے کوشاں ہے۔ چئیرمین سینیٹ نے کہاکہ او آئی سی کے رکن ممالک نے تعاون کا مظاہرہ کیا ،جس پراہم ان کے شکر گزار ہیں۔
عراق کے وزیرخارجہ نے کہا کہ ہمیں مختلف شعبہ جات میں پاکستانیوں کی ضرورت ہے۔ عراق پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے ۔ چئیرمین سینیٹ نے مسئلہ کشمیر پر عراق کی حکومت کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ چئیرمین نے کہاکہ کشمیر کا مسلہ انسانیت کا مسلہ ہے ، عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔
چیئرمین سینیٹ نے تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا اورکہاکہ ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور سلامتی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی ، منظور احمد کاکڑ ، سینیٹر حافظ عبد الکریم اور سیکریٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔