پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں، سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم

91

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں، اپوزیشن کا بیانیہ گوجرانوالہ سے شروع ہوا، اپوزیشن نے جلسوں میں قومی زبان اور اداورں کے خلاف آزاد بلوچستان اور دہشت گردی کے حوالے سے جو بیانیہ اختیار کیا ہے کہ یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے، پاکستان میں اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، مودی اور اجیت دوول کی زبان نہیں بولنے دی جائے گی، سرحدوں پر کامیابی حاصل کرنے والی پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں کے خلاف اندرونی سازشیں کی جا رہی ہیں، پاکستان کے عوام سب سے پہلے ریاست اور ریاستی اداروں کو مقدم سمجھتے ہیں، پھر سیاست کی بات آئے گی۔ جمعرات کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا بیانیہ گوجرانوالہ سے شروع ہوا اور قائداعظم کے مزار کی بے حرمتی کرتے ہوئے کوئٹہ پہنچا، وہاں پر جو بیانات سامنے آئے اور جو قومی زبان اور اداروں کے خلاف باتیں کی گئیں، آزاد بلوچستان کے معاملے پر جو موقف اختیار کیا گیا ہے یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے، یہ لوگ پاکستان کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں، ہمیں ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے، پاک فوج اور انٹیلی جنس ادارے سرحدوں اور ملک کے اندر دشمن کا مقابلہ کر رہے ہیں لیکن ان کے خلاف اندرونی سازشیں کی جا رہی ہیں، پاکستان کے عوام کو سب سے پہلے ریاست اور ریاستی ادارے مقدم ہیں، پھر سیاست کی بات آتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار کو ہم جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، ہمارے بزرگوں اور بچوں نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں لیکن دوسری طرف اپوزیشن کیا بیانیہ لے کر چل رہی ہے، یہ بھی دیکھنے کی ضرورت ہے۔