پاکستان کے فرانس کے ساتھ تاریخی دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات ہیں،سید نوید قمر

73
عمران خان ملک کے بدترین مالی خسارے کا ذمہ دار ، حکومت الگ الگ الیکشن کا مطالبہ قبول نہیں کرے گی،وزیر تجارت سید نوید قمر

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ پاکستان کے فرانس کے ساتھ تاریخی دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات ہیں اور آنے والے سالوں میں پاکستان ان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کا خواہاں ہے۔وہ بدھ کو یہاں فرانس کے وزیر برائے بیرونی تجارت اور ترغیبات فرانک ریسٹر سے بات چیت کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران ناظم لامور محمد امجد عزیز قاضی بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر سید نوید قمر نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور فرانس کی تجارت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا اسٹریٹجک محل وقوع، تیزی سے ترقی پذیر انفراسٹرکچر اور حکومت کی آزادانہ سرمایہ کاری کی پالیسیاں پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ایک پرکشش مقام بناتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2014 میں اپنے آغاز کے بعد سے جی ایس پی پلس اسکیم نے فائدہ اٹھانے والے ممالک میں انسانی حقوق، مزدوروں کے حقوق، ماحولیات اور گڈ گورننس سے متعلق 27 بین الاقوامی کنونشنوں کے نفاذ کے لئے ایک سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد ملی ہے، اس کے علاوہ روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے جبکہ خصوصاً خواتین اور پاکستان کی معیشت بالخصوص برآمدی شعبے کے لئے اس کی بڑی اہمیت اجاگر ہوئی ہے ۔

سید نوید قمر نے 2014 میں جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے حصول میں یورپی رکن ممالک خاص طور پر فرانس کی حمایت کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ جی ایس پی پلس 2024 پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی فائدہ مند تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے اور پاکستانی عوام کے سماجی، اقتصادی اور دیگر حقوق کے تحفظ اور فروغ کے حوالے سے تعاون کے سلسلہ میں یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ تعمیری طور پر منسلک رہنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرانس کو پاکستان کی برآمدات زیادہ تر ٹیکسٹائل شعبہ کی ہوتی ہیں اور زراعت، ڈیری، کلین انرجی، ڈیجیٹل اکانومی اور سٹارٹ اپ جیسے دیگر شعبوں میں تجارت کو متنوع بنانے کے بے پناہ امکانات ہیں۔قبل ازیں وزیر تجارت نے فرانسیسی سینیٹ میں پاکستان فرانس فرینڈ شپ گروپ کے صدر سینیٹر پاسکل الیزارڈ سے ملاقات کی اور پاکستان فرانس دو طرفہ تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے ایم ای ڈی ای ایف انٹرنیشنل (فرانسیسی کمپنیوں کی سب سے بڑی ایسوسی ایشن) کے ہیڈ کوارٹر کا بھی دورہ کیا جہاں ڈپٹی سی ای او جیرالڈائن لیمبلے نے ان کا استقبال کیا۔ انہوں نے ان فرانسیسی کاروباری اداروں کے نمائندوں سے بات چیت کی جو پہلے سے پاکستان میں کام کر رہے ہیں یا پاکستان کے ساتھ کاروبار کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ان میں تھامسن، براڈکاسٹ، فینیگزیا، سنوفی ، ایل اوریل، ویریتس بیورو،ایگزنس اور فرانس سرگی شامل تھے۔

بعد ازاں وفاقی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں سے بھی بات چیت کی اور انہیں اپنے دورے کےاغراض و مقاصد اور کامیابیوں سے آگا ہ کیا۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیرتجارت سید نوید قمر اس وقت یورپی یونین کے بڑے دارالحکومتوں بشمول برسلز، دی ہیگ اور برلن کے سرکاری دورے پر ہیں۔