پاکستان کے معاشی استحکام کا دارو مدار صنعت و تجارت کے فروغ پر ہے،صدر فیصل آباد چیمبر

164
Faisalabad Chamber of Commerce

فیصل آباد۔ 31 مئی (اے پی پی):پاکستان کے معاشی استحکام کا دارو مدار صنعت و تجارت کے فروغ پر ہے لہٰذا اس سلسلہ میں نئے مالی سال 2024-25کے وفاقی بجٹ کیلئے انتہائی مؤثر، نتیجہ خیز اور صنعت وکاروبار دوست اقدامات تجویز کرنا ہوں گے تاکہ ملک کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کو جلد از جلد یقینی بنایا جا سکے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدرڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ بجٹ میں کاروباری آسانیاں پیدا کرنے، پیداواری لاگت میں اور صنعت و تجارت کے فروغ پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کامعاشی استحکام صرف صنعت وتجارت کے فروغ میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا صنعتی شہر ہے جس کی صنعت ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کو ٹیکسٹائل کا مرکز ہونے کی حیثیت سے بھی منفرد مقام حاصل ہے لہٰذا اس کو درپیش مسائل کا حل بھی تلاش کرنا ہوگا۔انہوں نے ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بتایا کہ اس کی وجہ سے بڑی تعداد میں پرانی پاورلومز کو تبدیل کیا گیاجبکہ اس مدت کے دوران 40سے 50ہزار نئی اور جدید لومز لگائی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ قومی برآمدات میں ڈائریکٹ ایکسپورٹرز کا حصہ صرف 30سے 33فیصد جبکہ بالواسطہ برآمدات کرنے والوں کا حصہ 66فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ شہروں کو صنعتی آلودگی سے بچانے کیلئے بھی ہر علاقے میں منظم صنعتی علاقے قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بکھری ہوئی صنعتوں کو ان علاقوں میں منتقل کر کے آلودگی پر قابو پانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا سکیں۔