تیانجن ۔31اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج تیانجن میں لوبان ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹی وی ای ٹی ) نمائش ہال کا دورہ کیا جہاں انہیں لوبان ورکشاپس کے کام اور پاکستان کے ساتھ جاری تعاون کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ نے چینی میزبانوں کے ساتھ لوبان فریم ورک کے تحت تعاون کو مزید گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر نئی اور ابھرتی ہوئی صنعتوں میں تکنیکی و پیشہ ورانہ تعلیم میں مشترکہ کاوشوں کو بڑھانے پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ٹی وی ای ٹی تعاون کو مضبوط بنانا پائیدار اقتصادی ترقی کے مواقع پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ تعاون نہ صرف پاکستان کے انسانی وسائل کو بہتر بناتا ہے بلکہ دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت داری کو بھی وسعت دیتا ہے۔دورے کے دوران نائب وزیراعظم نے ان پاکستانی طلبہ سے بھی ملاقات کی جو لوبان انیشی ایٹو کے تحت تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے ان کے ساتھ ان کے تعلیمی تجربات اور مستقبل کے امکانات پر بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی نوجوان نسل کو جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ بدلتی ہوئی صنعتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔لوبان ورکشاپس جو تیانجن میونسپل حکام نے قائم کی ہیں، اعلیٰ معیار کی تکنیکی تعلیم کے دنیا بھر میں فروغ کا ایک عالمی ماڈل بن چکی ہیں۔
2016 سے اب تک 30 سے زائد ممالک میں 36 ورکشاپس قائم کی جا چکی ہیں، جو مہارتوں کی منتقلی، تکنیکی تبادلے اور عوامی روابط کو فروغ دے رہی ہیں۔ پاکستان میں لوبان ورکشاپ 2018 میں لاہور میں قائم کی گئی تھی جو مکینیکل انجینئرنگ، آٹومیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تربیت فراہم کر رہی ہے۔پاکستان میں زیر تربیت طلبا کے علاوہ اس وقت سات پاکستانی طلبا چین میں لوبان ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔