پاکستان کے پاس جنوبی افریقہ کو شکست دے کر اپنا ریکارڈ بہتر کرنے کا بہترین موقع ہے، ہیڈ کوچ مصباح الحق

55

کراچی۔24جنوری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس جنوبی افریقہ کو شکست دے کر اپنا ریکارڈ بہتر کرنے کا بہترین موقع ہے’ قومی ٹیم کے کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کے منتظر ہیں اور اچھی کارکردگی کیلئے پراعتماد ہیں’ اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں اور ابھی بہت بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ اتوار کو قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے بعد آن لائن پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ نے کہا کہ ماضی میں جنوبی افریقہ کا پاکستان کے خلاف ریکارڈ اچھا رہا ہے لیکن اس بار حالات مختلف ہوسکتے ہیں۔ قومی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لئے بھرپور تیاریاں جاری ہیں ۔ مصباح الحق نے کہا کہ کھلاڑی ٹیسٹ سیریز کے منتظر ہیں اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے پر اعتماد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے اکثر کھلاڑی کراچی میں کھیلتے آرہے ہیں اس لئے انہیں کنڈیشنز کا فائدہ ہوگا۔ سری لنکا کے خلاف یہاں آخری ٹیسٹ میں جیت کا اعتماد بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جنوبی افریقہ کے پاس کوالٹی بائولنگ لائن تھی اور ایسے بلے باز تھے جو ہر طرح کے بائولروں کو اچھی طرح کھیل لیتے تھے اس لئے پاکستان کے خلاف جنوبی افریقہ کا ریکارڈ اچھا ہے لیکن اس بار شاید تھوڑا مختلف ہو۔ پاکستان کے پاس موقع ہے کہ جنوبی افریقہ کو شکست دے کر اپنا ریکارڈ بھی بہتر کرے۔ مصباح الحق نے کہا کہ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن نہیں اور ابھی بہت بہتری لانے کی ضرورت ہے کارکردگی کا پریشر ہرکسی پر ہوتا ہے تاہم اس بات سے پریشانی نہیں کہ بعد میں کیا ہوگا’ اس وقت سارا فوکس سیریز پر مرکوز ہے اور اسی کی تیاری کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم سلجھے ہوئے کپتان ہیں اور سیکھ رہے ہیں۔ ان کو گرائونڈ میں مکمل آزادی ہونی چاہیے تاکہ وہ کھل کر فیصلے کرسکیں۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ ثقلین مشتاق اور محمد یوسف کی کیمپ میں موجودگی سے ٹیم کو فائدہ ہورہا ہے، ان کو باہمی مشاورت سے بلایا گیا ہے کیونکہ ٹیسٹ ٹیم کی مصروفیات کے دوران ٹی ٹونٹی سکواڈ کو ہائی پرفارمنس سکواڈ کے کوچز کی نگرانی میں ہی ٹریننگ کرنا ہوگی۔