ڈاکار۔12اپریل (اے پی پی):پاکستان کے85 ویں قومی دن کی مناسبت سے سینیگال کے شہر ڈاکار میں پاکستانی سفارتخانے میں استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ڈپلومیٹک کور کے ارکان، سینیگال کی حکومت کے حکام، تاجروں، سول سوسائٹی کے ارکان، فرینڈز آف پاکستان اور سینیگال سے تعلق رکھنے والے پاکستانی تارکین وطن نے شرکت کی۔
تقریب کی مہمان خصوصی سینیگال کی نوجوانوں، ثقافت اور کھیلوں کی وزیر خدی ڈینز گوئے تھیں۔ اس سال استقبالیہ کا موضوع ”پاکستان کا شعبہ ٹیکسٹائل اور فیشن: روایت، تخلیقی صلاحیتوں اور پائیداری کا امتزاج” پر مبنی تھا۔پاکستانی سفیر صائمہ سید نے پاکستان کے مضبوط ٹیکسٹائل سیکٹر اور پاکستان کی معاصر فیشن انڈسٹری پر روشنی ڈالی۔
مہمانوں کو ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں پاکستان کے ٹیکسٹائل کے شعبہ کی تاریخ، ترقی اور پاکستان کے فیشن رجحانات کو جدت طرازی کے ساتھ اجاگر کیا گیا۔ پاکستانی کپڑوں میں ملبوس مجسمے نے روایتی دستکاری کو جدید انداز میں پیش کرتے ہوئے استقبالیہ میں مہمانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔ سینیگال میں کاروبار کرنے والی پاکستانی دوا ساز کمپنیوں نے استقبالیہ میں اپنا سٹال لگایا۔ مہمانوں کو پاکستان کی معروف دوا ساز کمپنیوں جیسے فارما ٹیک، اے ٹی سی او، سرل، نبی قاسم اور بہت سی دیگر کمپنیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا جو سینیگال کو معیاری اور سستی ادویات برآمد کر رہی ہیں۔ یہ کمپنیاں اپنے بین الاقوامی سرٹیفیکیشن اور اعلی مینوفیکچرنگ معیارات کے لئے جانی جاتی ہیں۔
سینیگال کی ایک کمپنی سیسوکو حباتو سودا نے بھی اپنی جڑی بوٹیوں کی مصنوعات کی نمائش کی جو پاکستان سے اپنا خام مال حاصل کر رہی ہیں۔ پاکستانی سفیر نے 2025 کو پاکستان سینیگال دوطرفہ تعلقات کی 65 ویں سالگرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سینیگال کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے اور تعاون کے جذبے پر مبنی ہیں۔
دونوں ممالک ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل اور چاول جیسے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے میں مصروف عمل ہیں۔ پاکستانی سفیر صائمہ سید نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ سنگ میل کا سال گزشتہ 65 سالوں پر غور کرنے اور دونوں ممالک کے عوام اور ممالک کو قریب لانے اور نئے روابط قائم کرنے کے لئے نئے اہداف مقرر کرنے کا موقع ہونا چاہئے۔ سینیگال کی وزیر محترمہ خدی ڈینز گوئے نے اپنے خطاب میں سینیگال کے صدر کی جانب سے پاکستان کے قومی دن کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان سینیگال دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
پاکستانی سفیر نے ڈپلومیٹک کور کے ڈین اور دیگر سفیروں کے ہمراہ کیک کاٹا۔ مہمانوں کو اعلی معیار کے پاکستانی باسمتی چاول پر مبنی ایک دلچسپ بوفے ڈنر پیش کیا گیا جس میں بریانی، میٹھے چاول اور کرہی پکوڑے کے ساتھ ابلے ہوئے چاول شامل تھے۔ تقریب میں مہمان خصوصی نے پاکستانی ٹیکسٹائل اور فیشن کی نمائش اور پاکستانی سفارتخانے ڈاکار کی مہمان نوازی کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581150