اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن نیشنل ہیڈ کوارٹرز میں چار روزہ نیشنل یوتھ فورم کا آغاز ہو گیا جس میں ملک بھر سے 40 سے زائد ینگ لیڈرز شرکت کر رہی ہیں۔ یوتھ فورم کا تھیم "لیڈرشپ اور گورننس کے لئے نوجوانوں کو بااختیار بنانا”ہے۔یوتھ فورم کی افتتاحی تقریب منگل کو یہاں منعقد ہوئی جس میں چیئر پرسن نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چائلڈ سینیٹر عائشہ رضا فاروق مہمان خصوصی تھیں۔ پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن کی نیشنل کمشنر ماریہ موعود صابری نے مہمانوں کا استقبال کیا اور پاکستان میں گائیڈنگ کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے مہمانوں کو بتایا کہ گائیڈنگ میں جیسے ہی کوئی لڑکی شامل ہوتی ہے ہم قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ کے لئے کام شروع کر دیتے ہیں ، 6سے8 لڑکیوں کا ہر ورکنگ گروپ اپنا لیڈر منتخب کرتا ہے، یہ جمہوریت اور قیادت سیکھنے کا پہلا قدم ہے۔
گائیڈنگ پروگرام کا مقصدصلاحیتوں کا فروغ ا اور پہل کرنے کے لئے اعتماد پیدا کرنا ہے۔ گائیڈنگ کا مقصد لڑکیوں کومثبت تبدیلی کے نمائندہ کے طور پر تیار کرنا ہے۔ ایسوسی ایشن کے لئے مستقبل کے قائدین کی تیاری کے خیال سے ہی یوتھ فورم کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ہمارے پاس باصلاحیت نوجوان خواتین ہیں، جو ذمہ داریاں نبھا سکتی ہیں ۔ ینگ لیڈرز سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن کی نوجوان لڑکیوں کو بااختیار بنانے کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے لڑکیوں کوآفر کئے جانے والے دلچسپ پروگرام کو سراہا جس سے انہیں پراعتماد اور ذمہ دار شہری بننے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ نوجوان ملک کی بہتری کے لیے کیا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسی دنیا میں جو مسلسل ترقی کر رہی ہے اور ہر پل بدل رہی ہے ، گرل گائیڈنگ کے ذریعے پیدا ہونے والی مہارتیں اور اقدار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یوتھ فورم کے دوران شرکا نہ صرف اپنی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھاریں گے بلکہ اپنی نئی صلاحیتیں بھی دریافت کریں گے۔