اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) پاکستان گزشتہ دس سال میں برک ممالک یعنی برازیل، روس، بھارت اور چین کے مقابلے میں زیادہ مستعمل حوالہ جات کی شرح پر مبنی پیپرز ’ہائیلی سائیٹڈ پیپرز‘ کے حامل ملک کی طور پر ابھرا ہے۔ پیپرز کے حوالہ جات کا استعمال در اصل سائنسی کمیونٹی کی جانب سے تحقیق سے حاصل شدہ معلومات و نتائج کے مفید ہونے کا اعتراف ہے۔ تھامسن روئیٹرز کی جانب سے جاری حالیہ رپورٹ ’پاکستان : این اَدر بِرک اِن دی وال( Pakistan: Another BRIC in the Wall) ‘ کے مطابق اگرچہ پاکستان میںریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے ماحول کو کثےر اقتصادی چیلینجز کا سامنا رہا لیکن ملک کے اندر سب سے زیادہ پُر اثرو نتیجہ خیز تحقیق متاثر نہےں ہوئی ۔ سائنسی پیداوار کے لحاظ سے پاکستان اور بِرک ممالک میں واضح فرق رہا۔ رپورٹ کے مطابق پچھلے دس سال میں پاکستان میں سائنسی پیداوار کی شرح میں چار گُنا سے زےادہ اضافہ ہوا ۔