پاکستان گلوبل وارمنگ سے متاثر ترین ممالک میں شامل ہے،اس ایشو سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کا بلین ٹری سونامی پروجیکٹ اشد ضروری ہے،وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم

108

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان گلوبل وارمنگ سے متاثر ترین ممالک میں شامل ہے، آنے والے دنوں میں پاکستان میں اس کے اثرات بڑھتے جائیں گے، اس ایشو سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کا بلین ٹری سونامی پروجیکٹ اشد ضروری ہے۔

بدھ کو پی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا کو گلوبل وارمنگ چیلنج کا سامنا ہے، بدقسمتی سے پاکستان بھی گلوبل وارمنگ سے متاثرترین ممالک میں شامل ہے، قومی اور بین الاقوامی تحقیق کے مطابق آنے والے دنوں میں پاکستان پر اس کے اثرات مزید بڑھتے جائیں گے اسلئے ہمیں اس کا مقابلہ کرنا ہے، گلوبل وارمنگ چیلنج سے نمٹنے کیلئے سب سے بڑا ہتھیار شجرکاری ہے، ہمیں بحیثیت قوم چاہیے کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات کا رقبہ پانچ فیصد ہے تاہم ہمارے ملک میں پوٹینشل موجود ہے کہ ہم اسے 45 فیصد تک بڑھا سکتے ہیں، ہمیں درختوں کو صرف کاٹنے کیلئے نہیں بلکہ سرمائے کے طور پر دیکھنا ہو گا تب ہی ہم ملک کو لاحق موسمی خطرات سے بچا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہروں میں آبادی بڑھنے کی وجہ سے سیلاب کے خطرات بڑھ رہے ہیں، اسلئے اس بار حکومت کا شہروں میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری پر فوکس ہے۔