سیالکوٹ۔ 29 ستمبر (اے پی پی):پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی جی ایم ای اے) کے سالانہ 46 ویں اجلاس کا انعقاد ایسوسی ایشن کے ہال میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی جی ایم ای اے چودھری قاسم محمود سدرا نے کی اور گروپ رہنما و بانی چیئرمین حاجی آفتاب برلاس، چیئرمین الیکشن کمیشن ملک نصیر احمد، ممبر الیکشن کمیشن شیخ امجد حسین، ممبر الیکشن کمیشن فیصل اعجاز برلاس، محمد اویس بٹ، سیکرٹری جنرل علی مقدس نے خصوصی شرکت کی۔ بانی چیئرمین حاجی آفتاب برلاس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن میں ہر سال باقائدگی سے الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے،
الیکشن میں مد مقابل امیدوار کے کاغذات نامزدگی جمع نہ کرانے سے اتحاد فاؤنڈر گروپ کے امیدوار پی جی ایم ای اے کے الیکشن میں گزشتہ 46 سال سے بلا مقابلہ جیتتے رہے ہیں اور امسال ڈیموکریٹک کے امیدواروں کے مقابلہ میں آنے سے باقاعدہ دو سال کے لئے 26-2024ء الیکشن کا انعقاد کیا گیا اور اتحاد فاؤنڈر گروپ کے امیدوار کلین سویپ کر کے جیتے ہیں اور اتحاد فاؤنڈر گروپ کے امیدواروں کا الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کرنا گلوز ایسوسی ایش ممبران کے مسائل کے حل میں ان کا ساتھ دینے کی وجہ سے ہے۔ چیئرمین الیکشن کمیشن ملک نصیر احمد نے پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن سال 2024-26ء کے لئے چیئرمین انس راحیل برلاس، سنیئر وائس چیئرمین مطلوب احمد قریشی، وائس چیئرمین عطاء اللہ کو منتخب کرنے کا اعلان کیا اور ایگزیکٹو باڈی میں سہیل مسعود خان، شیخ ندیم عبداللہ، چودھدری قمر منیر سلہری، شوکت علی، حنان خالد برلاس، عثمان احمد بھٹی، سید شہزادہ ابن احمد اقبال، امجد خان، محمد حارث نوید کے نام شامل ہیں۔
اجلاس میں پاکستان گلوز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب چیئرمین انس راحیل، سینئر وائس چیئرمین مطلوب احمد قریشی، وائس چیئرمین عطاء اللہ نے اپنے خطابات میں کہا ہم بطور ٹیم مل جل کر گلوز انڈسٹری کی بہتری کے لئے کام کریں گے۔ سابق عہدیداروں کی مشاورت اور ان کی پیروی کرتے ہوئے گلوز انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔