اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن، وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس پاکستان کے رہائشیوں کے لئے امید کی کرن بن کر ابھری ہے جو عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے ، معاشی خوشحالی کو فروغ دینے اور رہائشیوں کی نقل و حرکت کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مل کر ایک محفوظ اور پائیدار ماحول فراہم کرنے اور ہاؤسنگ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ ایک سرکاری دستاویز کے مطابق 2000 ء میں پی ایم ایچ آے کا نام تبدیل کر کر پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن رکھا گیااور اسے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ماتحت کر دیا گیا۔ 2012 ء میں پی ایچ اے ایف کو کمپنیز آرڈیننس کے تحت این پی او کے طور پر رجسٹر کیا گیا۔ 1989-2007 تک اتھارٹی نے اپنے ممبران کو 22,785 یونٹ الاٹ کئے۔ ممبرشپ ڈرائیوز I اور II کا آغاز 2009 اور 2015 میں ہوا جس میں 186,000 سے زیادہ رجسٹرڈ ملازمین کو چار ہاؤسنگ سکیموں میں جگہ دی گئی۔
پی ایچ اے ایف کی اہم کامیابیوں میں بڑے شہروں میں متعدد کامیاب منصوبے شامل ہیں جن میں 24 پراجیکٹس میں 6,362 اپارٹمنٹس/مکانات شامل ہیں۔ پچھلے سال کے دوران فائونڈیشن نے پروجیکٹ کی ترقی اور متعلقہ مسائل کو حل کرنے میں اہم پیشرفت کی، پاک پی ڈبلیو ڈی نے 3 ارب روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرتے ہوئے دفتری عمارتوں اور سڑکوں کی بحالی کو مکمل کرکے انفراسٹرکچر، الیکٹرانک پروجیکٹ کی منظوری اور دستاویزی نظام کے ساتھ آپریشنز کو بھی جدید سطح پر استوار کیا۔
مزید برآں متعدد اقدامات جن میں بہتر کوآرڈینیشن کے لئے ویب پر مبنی ایپلی کیشن اور مرکزی ڈیٹا بیس کی تشکیل، ڈیٹا کی باقاعدہ اپ ڈیٹس اور ریکارڈ مینجمنٹ، وفاقی سرکاری ملازمین کو 2,136 الاٹمنٹس کا اجرا، 730.37 ملین روپے کے کرایہ کی وصولی، اسٹیٹ آفس میں مینٹی نینس آپریشنز کی منتقلی، ملازمین کی الاٹمنٹ کے لئے اپ گریڈ ون ونڈو سیل کا آغاز شامل ہیں۔دستاویز کے مطابق پی ایچ اے ایف کا اپنا سیلف ریونیو میکنزم ہے حکومت سے کوئی گرانٹ نہیں لیتا۔
مزید برآں اتھارٹی کمپنیز ایکٹ 2017 کے سیکشن 42 کے تحت پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی، ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی وزارت کے ماتحت کام کرتے ہوئے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ ہے۔ پی ایچ اے فاؤنڈیشن کے لئے کل بجٹ 10,298,094,885 روپے مختص کیا گیا ہے جس میں سے مالی سال کا آپریشنل بجٹ 805,096,336 روپے جبکہ اس کا ترقیاتی بجٹ 9,492,998,549 روپے ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پی ایچ اے فاؤنڈیشن نے صوبائی دارالحکومتوں میں تقریباً 7,000 ہاؤسنگ یونٹس تیار کئے ہیں، دو جاری منصوبوں کے ساتھ اسلام آباد اور کوئٹہ میں کل 4,550 یونٹس ہیں۔
پشاور میں 15,000 یونٹس کا منصوبہ سے 800 یونٹس کا منصوب ٹینڈرنگ کے مرحلے میں ہے۔ان منصوبوں کو سیلف فنانس کی بنیاد پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ پاکستان میں مکانات کی موجودہ کمی 10 ملین یونٹس سالانہ ہےجو سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان ریاستی تعاون اور تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔ پی ایچ اے فاؤنڈیشن پالیسی اور قانون سازی کی پیشرفت کو بھی حتمی شکل دے رہی ہے جس میں جوائنٹ وینچرز، دیکھ بھال اور انتظام اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے براہ راست زمین کی خریداری شامل ہے۔