اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے نیشنل ہاکی انڈر16 بوائز چیمپین شپ کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ منگل کو پی ایچ ایف کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق چیمپین شپ 28 نومبر سے 10 دسمبر 2020 تک لالہ ایوب ہاکی سٹیڈیم پشاور میں کھیلی جائے گی جس میں ملک بھرسے 13 انڈر16 بوائز ہاکی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گی ۔ انڈر16 بوائز ہاکی چیمپین شپ میں پنجاب کی چار، سندھ کی دو، خیبرپختونخوا کی دو، بلوچستان دو جبکہ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیرکی ایک ایک ٹیم شرکت کرے گی۔پی ایچ ایف کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کوعمرکی تصدیق کے لئے اپنے ساتھ اپنے خاندانی اندراج کا سرٹیفکیٹ (ایف آر سی)ساتھ لانا لازمی ہوگا۔سید محمد ظاہر شاہ صدر کے پی کے ہاکی ایسوسی ایشن ایونٹ کے آرگنائزنگ سیکرٹری ہوں گے۔