پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ضلعی صوبائی ایسوسی ایشنز سمیت پی ایچ ایف الیکشنز5 تا 20 اگست منعقد کرائے جائیں گے

62
Pakistan Hockey Team

راولپنڈی۔29جولائی (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ضلعی صوبائی ایسوسی ایشنز سمیت پی ایچ ایف الیکشنز2022-2026 کا فیصلہ کر لیا گیا، انتخابات پاکستان ہاکی فیڈریش کے آئین 2010 کے مطابق 5 تا 20 اگست منعقد کرائے جائیں گے،

پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی نے چوہدری محمد ریاض کو چیف الیکشن کمشنر نامزد کیا ہے، پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے بنائی گئی الیکشن کمیٹی کے ممبر اولمپیئن ناصر علی کے مطابق ہاکی کلبوں کی سکروٹنی پہلی چیف آف آرمی سٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ 2022 کے ذریعہ کر لی گئی تھی تاہم ایسے اضلاع جن میں رجسٹرڈ ہاکی کلبز کو متعلقہ ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشنز کی جانب سے بوجوہ شامل نہیں کیا گیا وہاں ضلعی ہاکی ایسوسی ایشن کے انتخابات سے قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سکروٹنی کمیٹی باقاعدہ سکروٹنی کرے گی، ضلعی ہاکی ایسوسی ایشنز کے انتخابات 13 اگست تک مکمل ہو جائیں گے

جبکہ صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز کے انتخابات 17 اگست تک تکمیل پائیں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مرکزی انتخابات 19 اگست کو ہوں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتخابات نامزد کمیٹی کرائے گی جو کہ چیف الیکشن کمشنر نامزد کریں گے جس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی نمائندگی بھی شامل ہوگی، انتخابی قواعد و ضوابط معہ انتخابی شیڈول الیکشن کمیٹی ممبران کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو حتمی منظوری کے لئے بھجوایا جائے گا۔