کراچی۔ 05 ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ کا 37واں اجلاس کراچی کے نجی ہوٹل میں منعقدہوا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن سے منگل کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کی صدارت صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر(ر )خالدسجاد کھوکھر نے کی۔
اجلاس میں سابقہ اجلاس کی کارروائی کی منظوری، پی ایچ ایف کے قانونی معاملات کے بارے میں اختیارات کو تفویض کرنے کی منظوری، سابقہ اخراجات سمیت آئندہ بجٹ تخمینہ کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں صدر پی ایچ یف بریگیڈیئر (ر)خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری جنرل حیدر حسین، میجر جنرل (ر) محمد طارق حلیم سوری، سیدہ شہلا رضا، لیفٹیننٹ کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر ، اکبر علی قائمخانی، اولمپیئن کلیم اللہ، اولمپیئن حنیف خان، اولمپیئن وسیم فیروز کے علاوہ پاکستان ایئر فورس کی نمائندگی اولمپیئن ناصر علی نے کی۔