پاکستان ہاکی ٹیم فائیو سائیڈ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئی

121
پاکستان ہاکی ٹیم

کراچی۔ 02 ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی ٹیم فائیو سائیڈ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ سیمی فائنل میں عمان کو 3کے مقابلہ میں 7گول سے شکست دیدی۔ عمان کے شہر صلالہ میں جاری فائیو سائیڈ ایشیا کپ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا۔

کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے عمان کو 3کے مقابلہ میں 7گول سے شکست دیکر ایونٹ کے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پاکستان نے فائیو سائیڈ ورلڈ کپ کے لئے بھی تاریخ میں پہلی بار کوالیفائی کرلیا ہے۔پاکستان کی جانب سے کپتان رانا عبدالوحید اشرف نے 5شاندار گول اسکور کئے جبکہ ارشد لیاقت نے دو گول اسکور کئے۔پاکستان فائیو سائیڈ ہاکی ٹیم کی کوچنگ کے فرائض ہیڈ کوچ عالمی ہاکی کپ گولڈ میڈلسٹ پرائیڈ آف پرفارمنس اولمپین وسیم فیروز سرانجام دے رہے ہیں جبکہ ٹیم مینجر میجر (ر) محمد شاہنواز خان اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں

پاکستان فائیو سائیڈ ہاکی ٹیم میں گول کیپرز عبداللہ اشتیاق خان، علی رضا، ڈیفینڈر محمد عبداللہ، مڈ فیلڈز احتشام اسلم، محمد مرتضی یعقوب، سٹرائکرز ارشد لیاقت، ذکریا حیات، رانا عبدالوحید اشرف، عبدالرحمن اور عبدالوہاب شامل ہیں۔فائیو سائیڈ ایشیا کپ میں 11ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں پاکستان، انڈیا، افغانستان، انڈونیشیا، ایران، جاپان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ چائینہ، قازقستان، مالئشیا اور میزبان ملک عمان کی ٹیمں شامل ہیں۔