پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے آواز اٹھاتا رہے گا، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین

71

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر ان خلاف ورزیوں کور روکنا چاہیے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے کام کرنا چاہئے ،پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم يكجہتی کشمیر کے حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ مرکزی ریلی میں شرکت اور خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کشمیری عوام کو درپیش جاری مظالم اور ناانصافیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو فوری طور پر ان خلاف ورزیوں کو رکوانا چاہیے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے کام کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے حریت رہنماؤں کے اہم کردار کو تسلیم کیا جنہوں نے کشمیری عوام کے حقوق کے لیے اپنی ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ چوہدری سالک حسین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر پاکستان کے مضبوط موقف کی توثیق کی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لئے آواز اٹھاتا رہے گا، اور حکومت پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ ان کے انصاف اور آزادی کی جدوجہد میں یکجہتی کے عزم کی توثیق کرتی ہے۔