لاہور۔29اپریل (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہر فورم پر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا،فلسطین میں مظالم پر اقوام عالم کی خاموشی قابل مذمت ہے،پاکستان نے فلسطینی طلبا کے لیے تعلیمی دروازے کھول کر بھائی چارے کی اعلی مثال قائم کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز فلسطین کے 27 طلبا کی بیچلر آف ڈینٹسٹری کی ڈگری مکمل ہونے کے موقع پر نجی یونیورسٹی میں فلسطینی طلبہ میں تقسیم اسناد کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزرا خواجہ عمران نذیر ،خواجہ سلمان رفیق،چیئرمین اویس روف ،ڈپٹی چیئرمین ازیر رئوف،سفیرِ فلسطین ڈاکٹر زہار زاہد،ریکٹر ڈاکٹر محمد اشرف ،الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن ،اساتذہ،فیکلٹی ممبران طلبہ اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجودتھی۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری مظالم کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی، غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا، ہسپتال تباہ ہو چکے،غزہ اور کشمیر پر اقوام عالم کی خاموشی قابل مذمت ہے، جس طرح کربلا میں بچوں کو شہید کیا گیا، غزہ میں بھی وہی کچھ ہو رہا ہے،ہر روز فلسطین پر ظلم کی نئی داستان سامنے آتی ہے، پاکستان ہر فورم پر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔
سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی طلبا کیلئے تعلیمی دروازے کھول کر بھائی چارے کی مثال قائم کی،فلسطینی طلبا کی تعلیم پاکستانی قوم کا انسانیت سے وابستگی کا مظہر ہے۔ انہوں نے فلسطینی طلبا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی ہمت اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ فلسطینی گریجویٹ طالبات کی ہمت قابل تحسین ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ سے آئے طلبا کو مفت تعلیم دینے کا اعلان کیا، فلسطینی نوجوان ڈاکٹرز کے لیے پاکستان میں ہائوس جاب کیلئے بات کروں گا، فلسطینی طلبا کو پنجاب اسمبلی اجلاس میں بھی بلائیں گے۔
صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ فلسطین میں قبلہ اول اسے مسلمانوں کے لئے مقدس اور لائق احترام بناتا ہے،پاکستان نے ہمیشہ ہر محاذ پر فلسطین کی حمایت کی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ گذشتہ کئی دہائیوں سے کشمیر سمیت فلسطین میں انسانی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ فلسطین کی جدوجہد آزادی جرات شجاعت اور قربانیوں سے عبارت ہے،پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے، آپ صرف فلسطین ہی کی نہیں پاکستان کی بھی بیٹیاں ہیں،غزا میں اسرائیلی بربریت کی مثال نہیں ملتی۔
خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ کشمیر اور فلسطین کی حمایت ہر فورم پر جاری رکھے گا۔صوبائی وزرانے پاس آئو ٹ ہونے والے فلسطینی طلبہ کو پاکستان میں ملازمت کرنے کی پیشکش کی۔آخر میں سپیکر نے فارغ التحصیل فلسطینی طالبات کو مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589687