اقوام متحدہ ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان نے دہشت گردی کے بنیادی اسباب حل کرنے اور بعض مذاہب اورکمیونیٹیزکے بارے میں غلط تاثر دینے کے معاملہ کو حل کرنے کے لئے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے کیونکہ اس سے مسلمانوں اور مغرب کے درمیان غلط تصورات پیدا ہو رہے ہیں ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دہشت گردی کے مسئلہ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری طویل تصفیہ طلب تنازعات ،طاقت کے غیر قانونی استعمال ، جارحیت ، غیر ملکی قبضہ ،حق خود ارادیت سے انکار،سیاسی و اقتصادی نا انصافیوں اور لوگوں کو سیاسی طور پر نظر اندازکئے جانے کے ایشوز سمیت دہشت گردی کے بنیادی اسباب کے حل میں مل کر کام کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان کی سفیر نے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے اقوام متحدہ کی عالمی سٹریٹجی میں پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالہ سے بعض مذاہب اور کمیونیٹیز کوناجائز طور بدنام کرنے کی روش کا خاتمہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف منافرت انگیز تقاریر سے نہ صرف رویوں میں تلخی آتی ہے بلکہ مسلمانوں اور مغرب کے درمیان غلط فہمیاں بھی پیدا ہوتی ہیں اور ان چیلینجوں سے سیاسی قانونی، مذاکراتی اقدامات اور مذاکرات،سفارتکاری اور معیاری طور پر نمٹا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو انسداد دہشت گردی کی جامع حکمت عملی کی وجہ سے آج استحکام حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صر ف فوجی ذرائع سے دہشت گردی ختم نہیں کی جاسکتی ، پاکستان اپنے طور پورے معاشرہ اور کمیونیٹی رہنمائوں کے رابطہ کے ساتھ اس مسئلہ سے نمٹ رہا ہے اور انسداد دہشت گردی کے ٹھوس بیانیہ کو فروغ دے رہا ہے ،علاقائی تعاون میں اضافہ کررہا ہے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے ۔