پاکستان ہمیشہ افغانستان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے‘ ترجمان دفتر خارجہ

78
Foreign Office Spokesman
Foreign Office Spokesman

اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ 19دسمبر کو اسلامی ممالک کے وزراءخارجہ کانفرنس میں افغانستان میں موجودہ انسانی صورتحال پر غور کیا جائے گا‘ کانفرنس کی میزبانی پاکستان کا اپنے افغان بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا تسلسل ہے۔عاصم افتخار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان ہمیشہ افغانستان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے ٹویٹ میں ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں افغانستان کے لوگوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے میں پاکستان کی کوششوں کو دکھایا گیا ہے ‘ضرورت کی اس گھڑی میں حکومت پاکستان کی جانب سے برادر ملک کو 5 ارب روپے کی انسانی امداد فراہم کی گئی ہے۔

ویڈیو میں امریکی انخلاء کے بعد افغانستان سے 80,000 افراد کے انخلاء میں پاکستان کی سہولت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے جن میں سفارت کار، بین الاقوامی این جی اوز کے نمائندے اور میڈیا بھی شامل ہیں۔ ویڈیو میں یہ بھی روشنی ڈالی گئی کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں نئے بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھول کر طورخم بارڈر کو 24/7 کی بنیاد پر آپریشنل کرکے افغانستان کو سہولت فراہم کرنے کے علاوہ 31 دسمبر 2021 تک افغان درخواست دہندگان کے لیے ویزا پروسیسنگ فیس بھی معاف کردی۔