ملتان ۔ 27 مئی (اے پی پی):پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے معرضِ وجود میں آیا اور انشاءاللہ ہمیشہ قائم رہے گا، 28مئی 1998 کو پاکستان نےایٹمی دھماکہ کرکے ازلی و ابدی دشمن بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور 10 مئی کو ایک بار پھر بھارت کے دانت کھٹے کر کے پاکستان نے اپنی برتری ثابت کی ، بھارت دنیاکے سامنے ذلیل و رسوا ہوکر اب اپنے وفود بھج رہا ہے۔ افواج پاکستان نے دفاع وطن کا حق ادا کرتے ہوئے سرحدوں کو محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان، نظریہ پاکستان فورم ملتان اور گورنمنٹ ولائیت حسین اسلامیہ گریجوایٹ کالج ملتان کے زیرِ اہتمام منعقدہ سالانہ یومِ تکبیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مہمانان خصوصی ڈی پی آئی کالجز جنوبی پنجاب پروفیسر ڈاکٹر فرید شریف فاروقی اور ماہر تعلیم سابق ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی تھے ، اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر انیلا کوثر، و دیگر اساتذہ کرام اور طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ یومِ تکبیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہمانان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر فرید شریف فاروقی اور پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے معرضِ وجود میں آیا اور انشاءاللہ ہمیشہ قائم رہے گا۔ تقریب کے آخر میں فلسطین وکشمیر کی آزادی، شہداء کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی سالمیت کی خصوصی دعا کی گئی ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602134