اسلام آباد ۔ 7 اپریل (اے پی پی) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہندو برادری کو مذہبی آزادی حاصل ہے لیکن کچھ شرپسند عناصر اپنی منفی سرگرمیوں کی بدولت ملک و قوم کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیتا سمیلن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہا کہ رواں برس ہولی تہوار تحریک پاکستان سے منسوب کرنے کا مقصد پاکستانی ہندو کمیونٹی کے جذبہ حب الوطنی کو اجاگر کرنا تھا۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان میں غیرمسلم اپنی مذہبی تقریبات منعقد کرنے کے لیے آزاد ہیں، انہوں نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور قومی وحدت یقینی بنانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کی افادیت پر بھی زور دیا۔علاوہ ازیں پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کماروانکوانی نے کہا کہ ملک بھر کے محب وطن ہندو باشندے پاکستان کو اپنی دھرتی ماتا سمجھتے ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ ریاست اقلیتوں کی جان و مال اور عزت کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔