اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وفاقی وزراء اور سیاسی رہنمائوں نے 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان واقعات میں ملوث کرداروں کے خلاف نرمی نہیں برتی جائے گی، پاکستان ہے تو ہم ہیں، شہداء کی تکریم کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ بدھ کو شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کنونشن سینٹر میں منعقدہ "عظمت شہداء کنونشن”سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ میں اس باوقار جماعت سے ہوں جس نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں لیکن پاکستان کے پرچم اور تنصیبات پر حملہ کی جسارت نہیں کی۔ یہ ہماری تربیت تھی،اس دھرتی میں ہمارے شہداء کی قبریں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،ہم سب کو مل کر ایسے عناصر کو روکناہوگا،9 مئی کو پاکستان ایک تکلیف دہ صورتحال سے گزرا ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، ایک شخص اپنی انا کی تسکین کیلئے ملک و قوم کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ کی پر زورمذمت کرتے ہیں،سیاست کی بجائے اس دن ریاست پر حملہ کیا گیا،جی ایچ کیو سمیت فوجی تنصیبات پر حملے کئے گئے،ریاست سے ٹکرانے کی کوشش کی،ایم کیو ایم ریاست کے ساتھ کھڑی ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کی رہنماء ثمر ہارون بلور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کارکنوں اور لیڈروں نے جانوں کی قربانیاں دی ہیں،شہداء کی تضحیک سے ان کے اہلخانہ کی دل آزاری ہوئی،یہ اقدام ریاست سے ٹکرائو کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کے تحفظ کے لئے جان کی بازی لڑائیں گے۔
مولانا راغب نعیمی نے کہاکہ آج ہم اپنے شہداء کی یاد کے لئے اکٹھے ہیں،وطن کی محبت ایمان ہے،یہ محبت اس کو جلانے کی اجازت نہیں دیتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے ہمارے بزرگوں نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔