
اسلام آباد ۔ 06 فروری (اے پی پی) وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور بحرین کے وزیر خارجہ خالد بن احمد محمد الخلیفہ نے پاکستان ۔ بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے افتتاحی سیشن کی مشترکہ طور پر صدارت کی۔ مشترکہ وزارتی کمیشن کا افتتاحی سیشن پیر کو اسلام آباد میں ہوا۔ دونوں رہنماﺅں نے تعاون کے تمام شعبوں میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو سراہا اور مشترکہ اقتصادی کمیٹی کی جانب سے مشترکہ اقتصادی کمیشن بنانے کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے اس سلسلے میں کاروباری سطح پر رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی، وزارت دفاع اور وزارت سمندر پار پاکستانیز کے سیکرٹریز کے ساتھ ساتھ دونوں اطراف سے سینئر حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ وزارتی کمیشن دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کے لئے باقاعدہ پلیٹ فارم کا کام دے گا۔