پاکستان 15 سے 16 اکتوبر تک اسلام آباد میں ایس سی او رکن ممالک کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے 23 ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا ، دفتر خارجہ

191
Foreign Office
Foreign Office

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):پاکستان 15 سے 16 اکتوبر تک اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کی کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ (سی ایچ جی) کے 23 ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا جو ایس سی او کا دوسرا اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارہ ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پیر کو یہاں پریس بریفنگ نے کہا کہ کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے موجودہ چیئر کی حیثیت سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف آئندہ سی ایچ جی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک، مبصر ریاست منگولیا، ترکمانستان بطور خصوصی مہمان اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں بشمول ایشیا میں انٹرایکشن اور اعتماد سازی کے اقدامات کے بارے میں کانفرنس (سیکا)، آزاد ریاستوں کی دولت مشترکہ (سی آئی ایس) اور یورپی اکانومک کمیونٹی (ای ای سی) کے ارکان سے اعلیٰ سطح کی شرکت کی توقع رکھتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات، سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ تنظیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کی قیادت رکن ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری کے لیے اہم تنظیمی فیصلے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2017 میں رکن بننے کے بعد سے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان اچھے ہمسایہ تعلقات اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے مستقل اور تعمیری کام کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کی میزبانی شنگھائی تعاون تنظیم چارٹر کے مقاصد اور اصولوں اور "شنگھائی جذبے” کی اقدار کے لیے پاکستان کے مستقل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔