پاک۔افغان تجارت و سرمایہ کاری فورم کے سلسلہ میں ورکنگ گروپوں کے اجلاس

71

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):پاک۔افغان تجارت و سرمایہ کاری فورم کے سلسلہ میں ورکنگ گروپوں کے اجلاس منگل کو بھی جاری رہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق دوسرے روز پہلے ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی یعقوب شیخ نے کی۔ ورکنگ گروپ میں پاک۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے اخراجات میں کمی لانے، پاک۔افغان تجارت کے فروغ کیلئے تعمیری ڈھانچہ کے مسائل اور تجارتی سامان کی دوسرے ممالک کو ترسیل کیلے راہداری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں ڈرائیورز اور کنٹینرز کے داخلہ پر پالیسی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دوسرے ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت رکن اسمبلی شندانہ گلزار نے کی۔ اجلاس میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنے کیلئے غوروخوض کیا گیا۔ تیسرے ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت رکن اسمبلی نفیسہ عنایت اﷲ خٹک نے کی۔ اجلاس میں زراعت، خوراک، لائیو سٹاک، معدنیات کے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوتھے ورکنگ گروپ کی صدارت افغان رکن پارلیمنٹ امیر یار خان نے کی۔ اجلاس میں پاک۔افغان تجارت و سرمایہ کاری کیلئے بینکنگ اور خزانہ کے شعبہ کی خدمات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل و سیاحت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔