اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاک آذربائیجان بزنس فورم 16 ستمبر کو باکو میں منعقد ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف سے اپنے دفتر میں ملاقات میں کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی بزنس فورم میں وفاقی وزیر، بورڈ آف انویسٹمنٹ عبدالعلیم خان بھی شرکت کریں گے۔سیکرٹری تجارت چوتھے پاک آذربائیجان جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
آذربائیجان کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اس فورم کا مقصد دو طرفہ تجارت کو بڑھانا ہے جس میں 43 سے زائد پاکستانی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں جس میں چاول، پھل، سبزیاں، پراسیس فوڈ، فارماسیوٹیکل، سرجیکل آلات، شیشے کی مصنوعات، سیرامکس، ٹرانسپورٹ ، لاجسٹکس، آئی ٹی اور انجینئرنگ کے سامان سمیت مختلف صنعتیں شامل ہیں۔ جام کمال خان نے کہا کہ بزنس فورم سے ممکنہ کاروباری منصوبوں کی تلاش اور پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔ اس موقع پر سفیر خضر فرہادوف نے پاکستانی شرکاء کے لئے ویزا کی سہولت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ قابل تجدید توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے اسلام آباد میں آذربائیجان پاکستان چیمبر آف کامرس کے آئندہ افتتاح کا بھی اعلان کیا۔ بات چیت میں تعاون کے مواقع کو زیادہ سے زیادہ کرنے کے لئے پاکستان کے نجی شعبے کی مضبوط شرکت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
وزیر جام کمال خان نے فورم کے بارے میں امید کا اظہار کرتے ہوئے اسے تجارتی حجم میں اضافے اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اقتصادی تعاون کی بنیاد رکھنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے ۔