اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر 2680 کلومیٹر باڑ مکمل ہو چکی ہے، مولانا کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہیں گے ۔
جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہور میں بم دھماکہ ہوا ہے، اسی طرح اسلام آباد میں 18 تاریخ کو ایک پولیس اہلکار شہید اور دو دہشت گرد مارے گئے، ٹی ٹی پی نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے، اس سے پہلے بھی اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر حملے کئے گئے، ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات چل رہے تھے، یہ حملے خاص مقاصد کے لئے کئے جا رہے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر 2680 کلومیٹر باڑ مکمل ہو چکی ہے، بلوچستان ایران سرحد پر 200 کلومیٹر باڑ لگانا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور دھماکے کے بعد ہسپتال آنے والے کارکنوں سے بدتمیزی میں کوئی پولیس اہلکار ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔