پاک امریکا بزنس کونسل کے بانی چیئرمین اور سارک چیمبر آف کامرس کے سابق صدر افتخار علی ملک کی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد

132

اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):پاک امریکا بزنس کونسل کے بانی چیئرمین اور سارک چیمبر آف کامرس کے سابق صدر افتخار علی ملک نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی طور پر مضبوط سفارتی و سٹریٹجک تعلقات کے ساتھ ساتھ ثقافتی، اقتصادی و تجارتی روابط مزید مستحکم ہوں گے۔

جمعرات کو اپنے مبارکباد کے خط میں افتخار علی ملک نے کہا کہ 1947 میں پاکستان کے قیام کے بعد سے ہی دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور ترکیہ پاکستان کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے والے اولین ممالک میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم میں گزشتہ برسوں کے دوران اضافہ ہوا ہے اور خاص طور پر ٹیکسٹائل، تعمیرات، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں اقتصادی تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جا رہی ہیں۔

افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مشترکہ مسلم وراثت کی وجہ سے مضبوط ثقافتی، عوامی و سفارتی تعلقات اور سیاسی و دفاعی تعاون اور تاریخی رشتوں میں منسلک ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی ثقافت، روایات اور اقدار کے قدردان ہیں اور دونوں قوموں کے درمیان باہمی احترام اور محبت کا رشتہ قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور ای سی او میں مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجب طیب اردوان کے ایک مرتبہ پھر صدر منتخب ہونے سے دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر تعلقات اور دوستی کے رشتے نئی بلندیوں سے ہم کنار ہوں گے۔