راولپنڈی۔1جون (اے پی پی):پاک ایران سرحد کے قریب بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقہ سنگوان میں دہشت گردوں کے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں نے پاک ایران سرحد پر سکیورٹی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنایا جس کے دوران دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
فوجی جوانوں نے دستیاب ہتھیاروں کے ساتھ بہادری سے جواب دیا اور دہشت گردوں کو کامیابی سے پسپا کیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 سپاہی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ علاقے میں فوری طور پر کلیئرنس آپریشن شروع کردیا ہے اور دہشت گردوں کو فرار ہونے سے روکنے کیلئے ایرانی حکام کے ساتھ رابطے کیے جا رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیےسکیورٹی فورسز پرعزم ہیں۔