اسلام آباد ۔ 03 فروری (اے پی پی) پاکستان ٹینس سٹار عصام الحق نے کہا ہے کہ ڈیوس کپ ٹائی سے ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کی بحالی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں پاک ایران ڈیوس کپ ٹائی کے افتتاحی روز اپنے میچ میں کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میچ کے ابتداءمیں تھوڑا نروس تھا، عقیل خان کی جیت سے کافی حوصلہ ملا اور ہوم گراﺅنڈ سے بہت فائدہ اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس نے انٹرنیشنل سطح پر بھی پیغام پہنچایا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن کے لئے پاکستان فوج نے اہم کردار ادا کیا ہے اور اس کا کریڈٹ پاکستان فوج اور قوم کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب غیر ملکی بھی محسوس کر رہے ہیں کہ پاکستان میں امن ہو رہا ہے ۔