اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):غیر سرکاری تنظیم پاک ایڈ نے گوجرخان کی 6 یونین کونسلوں کے 25 دیہات میں 10فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد کیا ، تقریباً 4000 غریب مریضوں کا مفت طبی معائنہ، علاج معالجہ کیا اور ٹیسٹ اور مفت ادویات بھی دی گئیں، تقریباً 600 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ، تنظیم اب مزید پانچ کیمپ لگائے گی ۔ان میڈیکل کیمپس میں مفت علاج معالجے کے ساتھ کوویڈ۔19 کی ویکسینیشن، بچوں کے لئے خسرہ اور روبیلا کی ویکسینیشن، پولیو ڈراپس،شوگر، بلڈ پریشر ٹیسٹ، فری میڈیسن اور خواتین کی بیماریوں کی تشخیص کےلئے الٹرا ساونڈ کا انتظام کیا گیا ۔
پاک ایڈ نے اپنے ہیلتھ سٹاف کے ساتھ موبائل ہیلتھ یونٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ معذوروں اورمریضوں کو ان کے گھر سے پک اور ڈراپ کیلئے ایمبولینسز کا بھی اہتمام کیا گیا۔ان میڈیکل کیمپس میں حکومتِ پنجاب محکمۂ صحت کا خصوصی تعاون حاصل ہے جس میں ویکسینیشن بوتھ اور میڈیکل سٹاف شامل ہیں-
ان میڈیکل کیمپس کا ایک اور بنیادی مقصد لوگوں کو صحتِ عامہ اور بیماریوں سے بچاؤ کے بارے مفت معلومات فراہم کرنا اور صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق آگاہی دینا ہے۔ کیمپس میں فیملیز اور ہر عمر کے افراد کو سہولت دی گئی.اس دوران قریبی افغان مہاجرین کے کیمپ سے خواتین، بچوں اور بزرگوں نے بھی بہت بڑی تعداد میں ڈاکٹرز سے معائنہ، ویکسینیشن کرائی اور مفت ادویات حاصل کیں۔
اہل علاقہ نے اس کاوش پر پاک ایڈ کا شکریہ ادا کیا۔ مقامی معززین، منتخب نمائندوں، رضاکاروں اور میڈیا کے نمائندوں نے بھی کیمپوں کے دورے کئے۔ واضح رہے پاک ایڈ پاکستان کی بین الاقوامی ترقی کی تنظیم ہے جس کا بنیادی مقصد اور لائحہ عمل پاکستان کی معاشی خوشحالی کے لئے طویل مدتی پائیدارا ترقی کے اقدامات کرناہے۔