کراچی۔ 19 مارچ (اے پی پی):پاک بحریہ اور روسی بحریہ کے مابین شمالی بحیرہ عرب میں دو طرفہ بحری مشق عریبین مون سون VI منعقد کی گئی۔ پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مشق میں روسی بحری جہازوں کے علاوہ پاک بحریہ کے مختلف اثاثوں بشمول ڈسٹرائر، آف شور پیٹرول ویسل، فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل)، میری ٹائم پیٹرول ایئر کرافٹ اور یو اے وی نے حصہ لیا۔پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے بھی مشق عریبین مون سون میں شرکت کی۔
مشق میں کثیر الجہتی بحری جنگ کے سیریلز شامل تھے جن کا مقصد باہمی تعاون کا فروغ اور بحری سلامتی کو درپیش خطرات کے خلاف مشترکہ عزم کا اظہارتھا۔قبل ازیں کراچی میں روسی بحری جہازوں کے قیام کے دوران دو طرفہ جہازوں کے دورے، ہاربر ڈرلز اور ٹیبل ٹاپ ڈسکشنز بھی کی گئیں۔روسی بحریہ کے مندوبین نے پاک بحریہ کے سینئر حکام سے ملاقاتیں کی اور مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھا کر بانئ پاکستان کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔اہم بحری ممالک کے ساتھ میری ٹائم ڈومین میں مشترکہ مشقیں خطے میں پائیداربحری سلامتی کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہیں
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574273