کراچی۔ 13 جون (اے پی پی):پاک بحریہ نے سمندری طوفان بائپر جوئے کے پیش نظر سندھ کے ساحلی علاقوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بر وقت مدد فراہم کرنے کے لیے اپنے تمام وسائل اور مطلوبہ اثاثوں کے ساتھ ہمہ وقت تیار ہے۔پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کےمطابق پا ک بحریہ کے دستوں نے شاہ بندر سے متصل گوٹھوں سے لگ بھگ ایک ہزار افراد کی محفوظ مقام پر نکل مکانی میں مدد فراہم کی اور 64ماہی گیروں کو سمندر سے ریسکیو کیا۔
بدلتی صورت حال اور بر وقت امدادی کاروائیوں کی نگرانی کے لیے ہیڈ کوارٹر کمانڈر کراچی میں سائیکلون مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ پاک بحریہ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام ا سٹیک ہولڈرز بلخصوص ماہی گیروں کو گہرے اور کھلے سمندر میں نہ جانے کے لیے متنبہ کیا جا رہا ہے۔ پاک بحریہ کی ایمرجنسی رسپانس اور طبی ٹیمیں بلوچستان کے ساحلی اور سندھ کے دیہی علاقوں بشمول حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، سکھر اور سانگھڑ میں ناگہانی صورت حال سے نمٹنے اور فوری امداد فراہم کرنے کے لیے تعینات کی گئیں ہیں۔
پاک بحریہ کے جہاز کھلے سمندر میں گشت کے دوران سمندروں میں پھنسی کشتیوں کو مدد فراہم کرنے میں سرگرم ہیں۔ کراچی میں پاک بحریہ کے اسپتالوں میں بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ کر دیا گیا۔سمندری طوفان بائپر جوئے سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے پاک بحریہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی و مقامی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ضرورت کے پیشِ نظربر وقت مدد فراہم کی جاسکے۔