پاک بحریہ ملک کو درپیش روایتی اور غیر روایتی بحری چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ملکی دفاع اور علاقائی امن کے فروغ میں پاک بحریہ کا کلیدی کردار ہے،صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا یوم بحریہ کے موقع پر پیغام

158
President Asif Ali Zardari

اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاک بحریہ ملک کو درپیش روایتی اور غیر روایتی بحری چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ایک مضبوط بحریہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کی ضامن ہے، ملکی دفاع اور علاقائی امن کے فروغ میں پاک بحریہ کا کلیدی کردار ہے۔

ایوان صدر پریس ونگ کی جانب سے یوم بحریہ کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کیا اور دفاع وطن میں پاک بحریہ کے کردار ، افسروں اور جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں دشمن کے خلاف کامیاب کارروائی کرکے پاک بحریہ نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کو درپیش روایتی اور غیر روایتی بحری چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، ایک مضبوط بحریہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کی ضامن ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک بحریہ کو مزید جدید اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع اور علاقائی امن کے فروغ میں پاک بحریہ کا کلیدی کردار ہے،پاکستان کے بحری مفادات اور حدود کے دفاع کے لیے پاک بحریہ ہر وقت تیار ہے،قوم پاک بحریہ، اُس کے جوانوں کی بہادری، لگن اور جذبہ حب الوطنی پر فخر کرتی ہے،پاک بحریہ کے ہیروز کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔