پاک بحریہ نے پسنی کے قریب آپریشن کے دوران 30 ملین ڈالرز سے زائد مالیت کی 2000 کلو گرام حشیش قبضے میں لے لی

97

اسلام آباد ۔ 6 فروری (اے پی پی) پاک بحریہ نے پسنی کے قریب سمندرمیں اینٹی نارکوٹکس آپریشن کے دوران 30 ملین ڈالرز سے زائد مالیت کی تقریباََ 2000 کلو گرام حشیش قبضے میں لے لی۔ پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پاک بحریہ نے یہ پیچیدہ آپریشن مستقل نگرانی، باہمی تعاون اور اینٹلی جنس کی بنیاد پرکیا۔ ترجمان نے بدھ کو جاری ایک بیان میں کہا کہ مزید کارروائی کے لئے حشیش اینٹی نار کوٹکس فورس کے حوالے کردی گئی ہے۔ یہ آپریشن پاکستان نیوی کے سمندری حدود کی حفاظت میں سر گرم رہنے کی بھر پور عکاسی کرتا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاک بحریہ اپنی قومی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور بحر ہند میں قانون کی بالادستی قائم رکھنے کی لئے پر عزم ہے۔