پاک بحریہ کا سمندر میں انسداد منشیات آپریشن، 4500کلوگرام منشیات برآمد

53

کراچی ۔26مئی (اے پی پی):پاک بحریہ کے جہازنے اپنے فضائی یونٹس کے ساتھ مل کر شمالی بحیرہ عرب میں تقریباً 4500 کلوگرام منشیات قبضے میں لے لی۔جاری اعلامیہ کے مطابق میری ٹائم سیکورٹی آپریشنز کے دوران جہاز پی این ایس دہشت نے مشکوک کشتی کو روکا اور منشیات کا بڑا ذخیرہ برآمد کیا جس کی مالیت کا تخمینہ عالمی منڈی میں تقریباً 6.7 ملین ڈالر ہے۔

پاک بحریہ کی جانب سے بھاری مقدار میں منشیات ضبطگی کا کامیاب آپریشن اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاک بحریہ سمندر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے پرعزم ہے۔ پاک بحریہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے نمٹنے اور اپنی سمندری سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ پاک بحریہ کی جانب سے انسداد منشیات کا کامیاب آپریشن ملکی سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے عزم کا مظہر ہے۔